عدن ایئرپورٹ: یمنی وزیراعظم‘ کابینہ ارکان پر حملہ‘ 26 ہلاک: پاکستان کی مذمت

Dec 31, 2020

عدن+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ شہنوا+ انٹرنیشنل ڈیسک) یمن کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر نو تشکیل شدہ حکومت کے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کے طیارے پر حملے میں 26 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ پاکستان نے حملے کی مذمت کی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے عدن ایئرپورٹ کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب سعودی عرب سے ایک طیارہ نئی تشکیل پانے والی یمنی حکومت کے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو لیکر ہوائی اڈے پر پہنچا تھا۔ یہ حلف اٹھا کر واپس آئے تھے۔ جیسے ہی نو تشکیل شدہ یمنی حکومت کے ارکان طیارے سے باہر نکلے، یکے بعد دیگرے دھماکے ہو گئے اور اندھا دھند فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ ایئرپورٹ پر بھگدڑ مچ گئی اور سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کے درمیان 60 سے زائد افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کیا ہے۔ سکیورٹی اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 18 دسمبر کو عالمی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت اور جنوبی یمن کے علیحدگی پسندوں نے مل کر ایک اتحادی حکومت قائم کی تھی جبکہ ایران کے حمایت یافتہ باغیوں نے حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ عینی شاہدین اور سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق یمنی کابینہ کے ارکان بشمول وزیراعظم اور یمن میں سعودی سفیر محمد سید الجابر کو شہر کے صدارتی محل میں بحاظت پہنچا دیا گیا ہے۔ یمن کے وزیر اعظم معین عبدالمالک نے حملے کے بعد ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہم اور حکومتی حکام خیریت سے ہیں، حملہ بزدلانہ دہشت گردی، حملہ یمنی ریاست اور ہمارے لوگوں کے خلاف جاری جنگ کا حصہ ہے۔ اس سے ہماری مزاحمت میں اضافہ ہو گا۔ جب تک بغاوت کا خاتمہ نہیں ہو جاتا اور ریاست بحال نہیں ہو جاتی۔ ہماری دعائیں حملے کا نشانہ بننے والوں کے ساتھ ہیں۔ ایک یمنی سکیورٹی اہلکار کے مطابق زخمیوں میں ریڈ کراس کے 3 کارکن بھی شامل ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ وہ یمنی شہری ہیں یا غیرملکی۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان یمن کے عدن ایئرپورٹ پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی مذمت کرتا ہے۔ حملے میں نئی تشکیل شدہ حکومت کی کابینہ کو نشانہ بنایا گیا۔ ہم یمن میں انسانی جانوں کے نقصان پر تعزیت کرتے ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ یمن کے عدن ایئرپورٹ پر حملہ صرف تشدد اور دہشتگردی نہیں ہے یہ حملہ سعودی عرب کی یمن میں امن و استحکام کی حالیہ کوششوں کو نقصان پہنچانے کیلئے ہے۔

مزیدخبریں