کرونا وباء کی دوسری لہر کے باعث2ماہ سے اجڑے پارلیمنٹ ہائوس میں اپوزیشن کی ریکوزیشن سینیٹ کا اجلاس منعقد ہو گیا پارلیمنٹ ہائوس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس نہ ہونے سے اس پرشکوہ عمارت میں ویرانی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں کبھی پارلیمنٹ ہائوس میں عملہ اور ارکان پارلیمنٹ کے داخلے پر عارضی طور پر پابندی لگا دی جاتی ہے مجالس قائمہ کے اجلاس بھی نہیں ہو رہے البتہ پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس بلا رہے ہیں پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹیوں کے بھی اجلاس ہو رہے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور اپوزیشن کے درمیان تنازعے کی وجہ سے بھی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا نہیں جا سکا اب دو مسلم لیگی ارکان قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی اور محمد سجاد کے استعفوں کی باز گشت سنی گئی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ہمارے ساتھ جعل سازی کی گئی ہے اپوزیشن کی ریکوزیشن پرطلب کئے گئے اجلاس میںنیب کی کارروائیوں سے متعلق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی تحریک استحقاق پیش کی جانی تھی لیکن سٹنگ سینیٹر کلثوم پروین کی وفات کی وجہ سے معمول کی کارروائی معطل کر دی گئی۔ کلثو م پروین تین مسلسل مدت کے لیے رکن سینٹ رہیں، 2002 میں پہلی مرتبہ وہ مسلم لیگ کے امیدوار کے طور پرخواتین کی مخصو ص نشست پر رکن منتخب ہوئیں،2009میں وہ بی این پی کے پلیٹ فارم سے سینیٹر منتخب ہوئیں اور 2015میں مسلم لیگ(ن) کے پلیٹ فارم سے سینیٹر منتخب ہوئیں، وہ مختلف مجالس قائمہ کی چیئرپرسن اور رکن رہیں، اجلاس کا معمول کا ایجنڈا مؤخر کر دیا گیا۔