سوئی گیس کی بندش‘ قصور میں شہریوں نے ٹائر جلاکر سڑک بلاک کر دی 

قصور+ کھیوڑہ+ سیالکوٹ+ بھوئے آصل+ کامونکے+ اسلام آباد  (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ خصوصی نمائندہ) کئی کئی دن سوئی گیس کی عدم فراہمی پر شہری بلبلا اٹھے۔ قصور شہر کے کئی علاقوں میں شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے ٹائروںکو آگ لگا کر ٹریفک جام کر دی۔ محکمہ سوئی گیس اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ رکن پورہ اور کوٹ علی گڑھ، کوٹ حلیم خاں سمیت دیگر علاقوں میں سو ئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرتے ہو ئے شہریوں نے کہا کہ قصور میں سوئی گیس افسران کی عدم دلچسپی اور اپنے چہیتوں کو کمپریسر لگوانے کی کھلی چھٹی دے رکھنے کی وجہ سے کئی علاقوں کے لوگ سوئی گیس سے محروم ہیں۔ اور ہوٹلوں سے  ناشتہ اور کھانا لانے پر مجبور ہیں۔  کھیوڑہ میں پابندی کے باوجود کم پریشر سے تنگ صارفین گیس پمپ کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ سیالکوٹ میں بھی سوئی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ محکمانہ غفلت کے باعث بااثر  صارفین نے کمپریسر لگا لئے۔  کوٹ رادھاکشن میں سوئی گیس کی مسلسل بندش سے شہری پریشان خواتین لکڑیاں جلانے پر مجبور جبکہ ایل پی جی گیس کے ریٹ بڑھنے کا اندیشہ ہے۔کامونکے  میں گیس کے تعطل سے  بازاروں میں بھی تندور  متبادل ذرائع پر منتقل کر دیے گئے ہیں دوسری طرف گیس کی قلت کے باوجود صارفین کو بھاری بھر کم بل ارسال کئے جا رہے ہیں جس  وجہ سے شہریوں میں اشتعال  ایل پی جی کے سلنڈر اور لکڑیوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ دریں اثناء  پنجاب اور پوٹھوہار میں سی این جی کی بندش کے طویل ہونے کا خدشہ ہے۔ سردی کی تیز لہر کا بہانہ بنا کر سوئی نادرن نے سی این جی سیکٹر کو گیس کی  سپلائی روک دی تھی۔ یہ غیر اعلانیہ بندش تین روز سے جاری ہے۔ سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ کا موقف تھا کہ سی این جی سٹیشنز کب کھلیں گے اس کے بارے میں کچھ نہیںکہہ سکتا  سوئی ناردرن نے پنجاب اور پوٹھوہار میں درآمدی آر ایل این جی پر چلنے والے تمام سی این جی سٹیشنوں کو پیر کی دوپہر  اچانک بند کردیا تھا۔ اچانک بندش کے باعث  سٹیشنوں پر گاڑی مالکان و  ڈرائیورز کے سی این جی سٹیشن انتظامیہ سے جھگڑے اور تلخ کلامی ہوتی رہی تھی۔

ای پیپر دی نیشن