ایل او سی: بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، جوان شہید، شہری زخمی

اسلام آباد: بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر ایل او سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا ہے جب کہ ایک شہری زخمی بھی ہو گیا ہے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارت کی افواج نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین سیکٹرز پر فائرنگ کی ہے۔

پاک فوج نے بھارتی فوج کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور تتہ پانی سیکٹر پر بھارتی کواڈ کاپٹر بھی مار گرایا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل اوسی کھوئی رٹہ سیکٹرپربلااشتعال فائرنگ کی جس سے پاک فوج کا سپاہی فضل الٰہی شہید ہو گیا۔

پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپورجواب دیا جس کے نتیجے میں بھارتی افواج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے کوٹ کٹیرا سیکٹرپرشہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے34 سالہ شہری شدید زخمی ہوگیا ہے۔

پاک فوج نے کارروائی کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے مطابق تتہ پانی سیکٹر پربھارتی کواڈ کاپٹر کو بھی مارگرایا ہے۔ بھارتی کواڈ کاپٹر100 میٹر پاکستانی حدود میں داخل ہواتھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق رواں سال پاک فوج نے ملکی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کے 16 کواڈ کاپٹرز مار گرائے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن