پاک فوج نے بھارتی ڈرون مار گرایا، کنٹرول  لائن پر انڈین اشتعال انگیزی ، سپاہی شہید، بھرپور جوابی کاروائی، دشمن کا بھاری نقصان

اسلام آباد  (سپیشل رپورٹ) بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کر کے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 35 سالہ سپاہی فضل الٰہی شہید ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی نے دشمن کو بھرپور مؤثر جواب دیتے ہوئے اس کی گنوں کو خاموش کرا دیا۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کو بھاری جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب بھارتی فورسز نے کوٹ کوٹیرا سیکٹر پر بھی بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 34 سالہ شہری زخمی ہو گیا۔ بھارتی سکیورٹی فورسز نے آٹومیٹک اسلحہ کا استعمال کیا۔ پاکستان آرمی نے بھارتی فورسز کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جہاں سے فائرنگ کی گئی تھی۔ دوسری طرف پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لائن آف کنٹرول کے تتہ پانی سیکٹر میں پاکستان آرمی نے بھارتی کوآڈ کاپٹر مار گرایا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہاٹ سپرنگ سیکٹر میں پاکستان نے بھارتی ڈرون جاسوس مار گرایا۔ بھارتی ڈرون پاکستانی سرحد میں 100 میٹر اندر آگیا تھا۔ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

ای پیپر دی نیشن