رحیم یارخان (کرائم رپورٹر) ڈی پی او اسد سرفراز خان نے کہا ہے کہ پولیس عوام کے جان و مال کی محافظ ہے افسران و اہلکار اپنے ہر آنے والے سائل کو ایک امتحان کے طور پر پاس کرنے کی کوشش کرے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھلی کچہری کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کا کام معاشرے میں ایک خاص اہمیت کا حامل ہے لوگ مشکل وقت میں پولیس کو پکارتے ہیں جو کہ ان کا حق ہے ہمارا فرض ہے کہ ان کی پکار پر پولیس لبیک کہے اور جو قانونی کارروائی بنتی ہوکرے ، انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی جان و مال کے محافظ اور رکھوالے ہیں جس کی ادائیگی کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہی ایک اچھے پولیس افسر اور سپاہی کی نشانی ہے، انہوں نے کہا کہ پولیس کے پاس جو بھی سائل آئے تو اس کی کسی طور حوصلہ شکنی نہ ہونے پائے۔ اس موقع پر انہوں نے سائلین کی درخواستیں سنیں اور ان کی شکایات کے ازالہ کے لیے احکامات جاری کرتے ہوئے انچارج کمپلینٹ سیل کو متعدد درخواستوں کے لیے فوری طور پر ٹیلی فون پر رپورٹ طلب کرنے کا حکم دیا اور کچھ درخواستیں پولیس افسران کو کارروائی کے لیے ارسال کر دیں ۔