پاک بحریہ کی سالانہ فلیٹ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ 2020 کا انعقادکیاگیا ہے۔ پریڈ میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی مہمان خصوصی تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کی سالانہ فلیٹ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ برائے سال 2020 کا انعقاد کیا گیا ۔ پریڈ کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر امیرالبحر ایڈمرل امجد خان نیازی نے سالانہ ایفیشنسی پریڈ سے خطاب میں کہا کہ پاک بحریہ خطے میں سمندری تحفظ،گوادر پورٹ اور سی پیک کی سکیورٹی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔پاک بحریہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ خطے کے بدلتے جیو پولٹیکل حالات سے بخوبی واقف ہے اور سمندری محاذ کے دفاع کے لیے پر عزم ہے۔ نیول چیف نے فرائض کی انجام دہی میں فلیٹ یونٹس اور افسران کے جذبے کو سراہا۔مہمان خصوصی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس کو ایفیشنسی شیلڈز سے نوازا۔