کراچی،ایک ہی خاندان کے11افراد کو امیکرون،کرونا کیسز میں اضافہ


اسلام آباد/ واشنگٹن / نئی دہلی (خبر نگار+ نیوز ایجنسیاں)  محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں رہائش پذیر ایک ہی خاندان کے گیارہ افراد میں اومی کرون وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ افراد چند روز قبل لاہور سے کراچی پہنچے ہیں۔ متاثرین میں 8 خواتین اور 3مرد شامل ہیں۔ متاثرہ افراد کی عمریں 26 سے 77 سال کے درمیان ہیں۔ کراچی میں اب تک اومی کرون کے 44 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ اومی کرون نے امریکہ کو بری طرح متاثر کرنا شروع کر دیا جہاں حالیہ نئی لہر کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 لاکھ 64 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے اور بدھ سے اب تک امریکہ میں 5 ہزار سے زائد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو چکی  ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کا کہنا ہے کہ اومی کرون وائرس کی وجہ سے کرونا کی نئی لہر کا سامنا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے پیغام میں این سی او سی  نے کہا کہ  اومی کرون کے خلاف واحد دفاع مکمل ویکسینیشن ہی ہے۔ حکومتی ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپنی ویکسینیشن جلد از جلد مکمل کروائیں اور کرونا کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں۔ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز  و ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن نے کہا ہے کہ اب تک ملک بھر میں15 کروڑ50 لاکھ23 ہزار641 افراد کی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے۔  پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 482 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 3 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 535 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 95 فیصد پر آ گئی۔ پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 921 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 94 ہزار 861 ہو چکی ہے۔ بھارت میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 13ہزار154نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3کروڑ 48لاکھ 22ہزار 40 ہو گئی ہے۔  چینی ذرائع ابلاغ نے بھارتی وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ بھارت میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے268 نئی اموات  ہوئیں جس کے بعد اموات  کی مجموعی تعداد 4لاکھ 80ہزار860 تک پہنچ گئی ہے۔ تھائی لینڈ کی وزارت صحت عامہ نے کہا  ہے کہ ملک میں اب تک اومیکرون ویرینٹ کے مختلف قسم کے کل 739 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 488 بیرون ملک سے آنے والے اور 251 مقامی متاثرہ افراد شامل ہیں۔ اومیکرون ویرینٹ ملک کے 33 صوبوں میں پھیل گیا ہے جن میں سے 19صوبوں میں مقامی انفیکشن کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن