منی بجٹ ظلم‘ مقابلہ کرینگے‘ حکومت کے اتحادی بھی آواز اٹھائیں: مریم اورنگزیب 

Dec 31, 2021


اسلام آباد (خبر نگار) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ منی بجٹ ظلم ہے۔ اس کا پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مقابلہ کریں گے۔ حکومت کے اتحادی بھی منی بجٹ پر آواز اٹھائیں۔ وہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو  کر رہی تھیں۔ قومی اسمبلی اجلاس سے قبل متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس کی صدارت خواجہ آصف، خورشید شاہ اور صلاح الدین نے کی جبکہ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر، شگفتہ جمانی، جمعیت علماء اسلام ف سے شاہدہ اختر علی سمیت دیگر اراکین شریک ہوئے۔  اپوزیشن کے نمبر بالکل پورے ہیں۔ حکومت کے تماشے ختم ہونے چاہیے۔ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے۔ حکومت کے اتحادیوں کو بھی چاہیے کہ منی بجٹ پر آواز اٹھائیں۔ منی بجٹ ایک جھوٹ بجٹ ہے کیونکہ مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے۔ عمران خان روز جھوٹ بولتے ہیں، مہنگائی پر عوام کو جواب دیں۔ اتحادیوں اور حکومتی ممبران قومی اسمبلی کا اپنے حلقوں میں جانا مشکل ہے۔ منی بجٹ کے بعد تنخوادار طبقہ زندہ نہیں رہ پائے گا۔ اپوزیشن منی بجٹ کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔ کورم پوائنٹ آئوٹ کرنا واحد طریقہ ہے کہ حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف کھڑا ہوا جائے۔ عوام کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے۔

مزیدخبریں