لاہور(سپورٹس ڈیسک )آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان جاری ایشیز سیریز کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے نامزد میچ ریفری ڈیوڈ بون کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ بون کا پی سی آر ٹیسٹ میں کرونا مثبت آیا ہے۔ چوتھے ٹیسٹ میں ریفری پینل میں شامل سٹیوبرنرڈ میچ ریفری ہوں گے۔ 61سالہ ڈیوڈ بون نے کرونا ویکسین کی تین خوراکیں لے رکھی ہیں اور انہیں کرونا کی کوئی علامات نہیں۔سٹیو برنرڈ نیوساوتھ ویلز میں مقیم ہیں، چوتھا ٹیسٹ سڈنی میں 5 جنوری سے شروع ہوگا، ڈیوڈ بون 14جنوری سے ہونے والے پانچویں ہوبارٹ ٹیسٹ میچ میں ذمیداریاں سنبھالیں گے۔آسٹریلین بگ بیش لیگ میں میلبورن سٹارز اور پرتھ سکارچرز کے درمیان میچ منسوخ کردیا گیا۔ میچ شروع ہونے سے قبل میلبورن سٹارز کے سٹاف ممبر کے کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کے باعث میچ منسوخ کیا گیا۔کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ میلبورن سٹار زکے ان سب کھلاڑی اور سٹاف ممبرز کے پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے جو متاثر سٹاف ممبر کے رابطے میں تھے مگر مناسب وقت میں نتائج نہیں آسکے جس وجہ سے میچ کو منسوخ کرنا پڑا۔آسٹریلوی کرکٹ کا کہنا ہے کہ مذکورہ میچ کی نئی تاریخ اعلان جلد کیا جائے گا۔