اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نجی یونیورسٹی میں کانووکیشن کے موقع پر ہونہار طالبہ نور الصباح کا کہنا تھا کہ انہیں مجموعی طور پر 13 گولڈ اور 10 سلور میڈل ملے ہیں۔ یہ میڈل ہر سال میڈیکل کے پروفیشنل ایگزیمز (پروف) میں پوزیشن اور مضامین میں ٹاپ کرنے پر ملے ہیں۔ تین سال میں میڈیکل سٹوڈنٹ کی حیثیت سے اپنے تجربے اور مشاہدے پر بات کرتے ہوئے نور نے کہا کہ آپ ایک دم سے کسی مریض کو بھول نہیں سکتے۔ اس کی تکلیف جسے آپ دیکھ رہے ہوتے ہیں اور ایک بے بسی کی کیفیت بھی، دوسرے ہمارے گورنمنٹ سیکٹر میں وسائل بہت کم ہوتے ہیں۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کے لیے بھی ایک بے بسی کی صورتحال ہوتی ہے۔