کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ سندھ اسمبلی جام اویس کے فارم ہاؤس پر قتل ہونے والے ناظم جوکھیو کی بیوہ بااثر ملزمان کے سامنے ڈٹ گئیں اور کسی بھی قسم کی مفاہمت کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔ ملیر کورٹ میں کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ناظم جوکھیو کی بیوہ نے بتایا کہ واقعے کے بعد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ ہمارے پاس آئے اور انصاف کی یقین دہانی کروائی، بعد ازاں مکر گئے اور تاحال ہمارے لئے کچھ نہیں کیا۔ بیوہ ناظم جوکھیو نے انکشاف کیا کہ ایم این اے جام عبدالکریم ہم سے ڈیل کرنا چاہتا ہے، وہ اپنے حامیوں کو بھیج کر ہم پر دباؤ ڈال رہا ہے، آپ لوگ ہمارے بڑوں کو بلا کر ڈیل کی باتیں کرتے ہو مگر میں واضح کردوں کہ ہم ناظم جوکھیو کی لاش کا سودانہیں کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں ناظم جوکھیو کی بیوہ نے للکارا کہ ایم این اے جام عبدالکریم، آپ نے کچھ نہیں کیا تو سامنا کرو، چھپ کر کیوں بیٹھے ہو؟ سامنے آ اور کیس کا سامنا کرو، ہم تم سے نہیں ڈرتے، ہمیں یقین ہے کہ عدالت سے انصاف ضرور ملے گا۔ ناظم جوکھیو کی بیوہ کا کہنا تھا کہ ڈیل کی باتیں کرنا چھوڑ دو، آپ ہمارے لیے کچھ نہیں ہو، ہمیں آپ کے پیسوں کی کوئی ضرورت نہیں، سن لو، ہم معافی مانگیں گے نہ معاف کریں گے، ہم ہر فورم پر لڑیں اور ہمیں ہر فورم پر انصاف ملے گا، ہمیں اللہ پاک سے انصاف کی امید ہے۔ اس سے قبل جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی تھی، جہاں عدالت نے کیس کی تحقیقات مکمل نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آخری بار10دن کی مہلت دی اور کیس کی سماعت 10 جنوری تک ملتوی کردی۔