ملتان‘ کوٹ ادو‘ سرائے سدھو(نمائندہ خصوصی‘ خصوصی رپورٹر‘ خبر نگار‘ نامہ نگار) نئے سال کی آمد پر من چلوں کی ہلہ گلہ‘ پولیس کی طرف سے کریک ڈاؤن کی تیاریاں۔ ملتان پولیس نے نیو ائیر نائٹ کے حوالہ سے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ اہم شاہراہوں اور چوراہوں پراضافی تعداد میں پولیس کے جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سی پی او ملتان نے عوام کو ایک واضح پیغام دیا ہے کہ انسانی جانیں قیمتی ہیں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے نیو ائیر نائٹ کے موقعہ پر والدین اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں۔ ہوائی فائرنگ، ون ویلروں، شراب فروشوں، آتش بازی کرنے والوں سمیت کسی بھی طرح کی ہلڑ بازی کرنے والے کو ہرگز معاف نہیں کیا جائیگا۔ نیو ائیر نائٹ کے موقعہ پر پولیس لائنز ملتان میں ریزرو ہائے الرٹ رہیں گی۔ جن کو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے صورت میں فوری طور پر طلب کیا جا سکے گا۔ ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی طور پر ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ دریں اثنا محکمہ صحت پنجاب نے ملتان سمیت صوبہ بھر کے ہسپتالوں کو سال نو پر آج 31 دسمبر(جمعہ)کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔نشتر ہسپتال،شہبازشریف ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال،سول ہسپتال و دیگر ہسپتالوں میں ڈاکٹرز،نرسیں،پیرا میڈیکل سٹاف الرٹ رہیں گے۔سال نو پر منچلوں کی جانب سے جشن منانے کے باعث کسی بھی ممکنہ حادثے اور ناخوشگوار صورتحال پیدا ہونے کے باعث ہسپتالوں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ کوٹ ادو میں منچلوں کو شراب سپلائی کرنے والوں کے خلاف پولیس نے آپریشن کے دوران5منشیات فروشوں ارسلان چڑھویا، جمران جٹ سپل، محمد جاوید مشوری، غلام حسین گرمانی،فدا حسین گرمانی اور اختر موہانہ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 70لیٹر دیسی شراب،آدھ پاؤچرس اور پسٹل برآمدکرلیا،تمام ملزمان کو حوالات میں بندکرکے تمام کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے۔ سرائے سدھوسے نامہ نگارکے مطابق نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی سرائے سدھو اور گردونواح میں منشیات فروش حرکت میں آگئے ہیں مبینہ طور پر پولیس سے معاملات طے پانے کے بعد ملتان کے ایک بڑے ہوٹل کی معرفت بھاری مقدار میں دیسی اور ولائتی شراب سرائے سدھو پہنچ گئی ہے۔ اس صورتحال پر شہریوں نے پولیس افسران سے بروقت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
ہیپی نیو ائر:رنگارنگ تقاریب روکنے کیلئے پولیس تیار،5شرابی گرفتار،ہسپتالوں میں ہائی الٹرٹ
Dec 31, 2021