لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور سے کراچی جانے والی خیبر میل بریک فیل ہونے کے باعث میاں چنوں کے قریب حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ریلوے ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی خیبرمیل ایکسپریس کی میاں چنوں کے مقام پر کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر میل کے ڈرائیور نے قریبی عزیز کے انتقال پر چارج چھوڑا اور دوسرے ڈرائیور کو ٹرین کا چارج دیا جس پر چارج لینے آنے والے ڈرائیور نے بریکنگ پاور کو چیک نہیں کیا جس کی وجہ سے ڈرائیور بریک پر کنٹرول نہ رکھ سکا۔ ذرائع کے مطابق ٹرین کو بریک فیل ہونے کے باعث لوپ لائن پر منتقل کیا گیا جس کے بعد اسے میاں چنوں پر روک لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ٹیکنیکل ٹیم کو ملتان سے طلب کرلیا گیا ہے۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تمام مسافر محفوظ رہے۔