اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)پاکستان کی جانب سے افغانستان کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 1800 میٹرک ٹن گندم کی پہلی کھیپ افغان حکام کے حوالے کر دی گئی ۔ تر جما ن دفتر خا رجہ کے مطا بق وزیراعظم عمران خان نے 22 نومبر2021 کو انسانی ہمدردی کے تحت افغانستان کے لئے 5 ارب روپے مالیت کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس امدادی سامان میں 50 ہزار میٹرک ٹن گندم، ہنگامی طبی سامان وادویات، سرد موسم میں کارآمد خیمے اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔ وزیراعظم کے اس فیصلے کے تحت افغانستان سے پاکستان برآمد ہونے والی کلیدی اشیاء پرٹیرف اور سیلز ٹیکس میں کمی کی منظوری بھی شامل ہے۔ حکومت پاکستان کے اس اقدام کے تناظر میں(1800 میٹرک ٹن) گندم کی پہلی کھیپ آج طورخم کے مقام پر افغانستان کے حوالے کی جارہی ہے۔