اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کم آمدنی رکھنے والے طبقات کو بلاسود اور آسان قرضے فراہم کیے جارہے ہیں۔انہوں نے یہ بات کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضہ جات کی فراہمی کے تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے چئیرمین سینیٹر فیصل جاوید بھی اس موقع پرموجودتھے۔ چیئر مین اخوت اسلامک مائیکرو فنانس نے پروگرام کے اغراض و مقاصد کی بارے میں آگاہ کیا۔وزیرخزانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو لوگ بینکوں تک رسائی سے محروم ہیں ان کو براہ راست قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان نے خصوصی اقدامات کی ہدایات دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی اور معاشی ترقی کے لیے موجودہ حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور تمام طبقات کو بلا تفریق و بلا تعصب قرضہ جات کی فراہمی کی جا رہی ہے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ ہم غریب عوام کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک غریب آدمی تک نہیں پہنچے، وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ایسا کام کرو کہ غریب کو کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلا نا پڑے۔ شوکت ترین نے کہا کہ کامیاب پاکستان خوشحال پاکستان کا راستہ ہے ، عزت نفس کے ساتھ روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنا روزگار اپنا گھر اور کسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں اور اب تک تین سو شہروں میں تقریبا چا ر سو کروڑ روپے کے قرضے دیئے جا چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں چالیس لاکھ گھرانوں کو ملکی ترقی کی خوشحالی کے دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے ، عمران خان ہی معاشرے کے معاشی طور پر کمزور طبقات کے لیے روشنی کی کرن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست کی طرف گامزن ہیں ۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کا شکریہ ادا کیا۔
تمام طبقات کو بلا تفریق قر ضوں کی فراہمی ، غریب عوام کے خواب پورا کرنے کیلئے کو شاں : شوکت ترین
Dec 31, 2021