کوئٹہ (بیورو رپورٹ)کوئٹہ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 15زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی رات کوئٹہ کے علاقے سائنس کالج چوک کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق جبکہ 15افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ نعشوں اور زخمیوں کو فوری طورپرسول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ سائنس کالج کے ہال میں دھماکے سے کچھ دیر قبل جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) کا پروگرام ختم ہوا تھا جس کے بعد دھماکہ ہوگیا۔ سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان وسیم بیگ نے سول ہسپتال میں 4نعشوں اور 15زخمیوںکو لانے کی تصدیق کی ہے۔ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ فدا حسین شاہ نے کہا ہے کہ سائنس کالج کے باہر ہونے والا دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا دھماکے میں ڈیڑھ کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔ دھماکے کے مقام پر جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) کی شہداء کانفرنس اختتام پذیر ہوئی تھی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کی رات بم دھماکے کی جگہ کے معائنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو گورنر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دھماکے کی شدید مذمت کی۔ ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کوئٹہ کی سکیورٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور آئی جی بلوچستان سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی۔ دوسری جانب چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو جلد طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔ دھماکہ کا ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی ہے جو ہمیشہ ناکام رہیں گے۔
کو ئٹہ : کالج کے باہر دھماکہ،4افراد جاں بحق ، 15زخمی
Dec 31, 2021