لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے غیر قانونی بھارتی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی دہشت گردی پر عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی جواز نہیں۔ عالمی برادری کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں ڈھائے جانے والے ظلم پر بیدار ہونا پڑے گا۔ بھارت کے کشمیریوں کی نسل کشی کے ذریعے اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے ناپاک عزائم ناکام ہوں گے۔ مودی سرکارکے ظلم کی شب ختم ہونے کے قریب ہے۔ کشمیر کی آزادی اب زیادہ دور نہیں۔ کڑے وقت اور بحران کی کیفیت میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ بھارت کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور مہندر پال سنگھ کے والد گیانی سردار رویل سنگھ خالصہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے ڈی جی پی آرکے افسر حسیب زیدی کے والد اور بزرگ صحافی تنویر زیدی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پنجاب میں یونیورسٹیوں کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں کالجز بنانے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بدل رہا ہے، تعلیمی انقلاب دستک دے رہا ہے۔ لاہور ٹیکنو پولس منصوبہ حقیقی معنوں میں ایجوکیشنل گیم چینجر ثابت ہو گا۔ پنجاب کو ہائر ایجوکیشن کا ہب بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوابدیدی فنڈز سے مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے فنڈز فراہم کردیئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر بون میرو ٹرانسپلانٹ، لیور، کڈنی اور دیگر امراض میں مبتلا 9 مستحق مریضوں کیلئے 73 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے گئے۔ محلہ لیاقت پارک لاہور کی رہائشی بون میرو ٹرانسپلانٹ کی مریضہ سحر فاطمہ کے علاج معالجے کیلئے 30لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔ پٹھان کالونی، فاروق آباد ضلع شیخوپورہ کے رہائشی آفتاب حسین کے علاج معالجے کیلئے 3 لاکھ 6 ہزار روپے کے فنڈ کا اجراء کیا گیا، آفتاب حسین جگر کے علاج کیلئے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر لاہورمیں زیر علاج ہیں۔جگر کے مرض میں مبتلا چک نمبر 42، تحصیل فیروز والہ ضلع شیخوپورہ کے رہائشی آس محمد کے علاج معالجے کیلئے 5 لاکھ روپے کے فنڈ جاری کیے گئے۔کامونکی، ضلع گوجرانوالہ کے رہائشی جگر کے مرض میں مبتلا عبدالصمد خان کے علاج معالجے کیلئے 7 لاکھ 50 ہزار روپے کے فنڈ کا اجرا کیا گیا،عبدالصمد خان کا علاج پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر لاہورمیں ہو رہا ہے۔ علی پور چٹھہ، وزیر آبادکے رہائشی کڈنی کے مرض میں مبتلا محمد افضل تارڑ کے علا ج معالجے کیلئے 2 لاکھ 40 ہزار روپے کے فنڈ کا اجراء کیاگیا ،محمد افضل تارڑ کا علاج پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر لاہور میںجاری ہے۔ حافظ آباد کی رہائشی نیورو کی مریضہ روبینہ تبسم کے علاج معالجے کیلئے 10 لاکھ 42 ہزار 500 روپے کے فنڈز کا اجراء کیا گیا۔ قصور کی رہائشی جگر کے مرض میں مبتلا زرینہ کوثر کے معالجے کیلئے 5لاکھ31ہزار روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مستحق مریضوں کی مدد کرنا میرا فرض بھی ہے اورذمہ داری بھی۔ اللہ تعالیٰ نے جو منصب عطا کیا ہے اسے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کردیا ہے۔ مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے جو کچھ کرسکا کرتا رہوں گا۔ دکھی انسانیت کے دکھ بانٹ کر دلی سکون ملتا ہے۔