اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے 54ویں کانووکیشن کی تقریب جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے۔ آرمی چیف کی آمد پر سی پی ایس پی کے نائب صدر پروفیسر شعیب شفیع نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے کامیاب گریجویٹس میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کئے۔ اس موقع پر آرمی چیف کو سی پی ایس پی کی اعزازی فیلو شپ سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے کیریئر میں اہم سنگ میل حاصل کرنے پر گریجوایٹس کو مبارکباد دی۔ آرمی چیف نے خاص طور پر بین الاقوامی فورمز کے معیار کے مطابق پاکستان کے ڈاکٹروں اور معالجین کو متعلقہ شعبوں میں مہارت فراہم کرنے میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے وبائی امراض کے خلاف صف اول کے طور پر طبی برادری کے مثالی کردار اور خدمات کو سراہا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز ہیرو ہیں جنہوں نے تمام چیلنجوں کے باوجود کرونا کے دوران پاکستان کے لوگوں کی حفاظت اور بہبود کے لیے انتھک محنت کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پوری قوم ان شاندار خدمات پر تمام ڈاکٹروں اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے وبائی امراض کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں اور کئی قیمتی جانیں بچائیں۔ قومی صحت کے نظام میں آرمی میڈیکل کور کے بے پناہ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔