اومیکرون کے پیش نظرخانہ کعبہ اور مسجد نبوی ۖ میں سماجی فاصلہ پھر لازمی قرار

سعودی عرب نے کورونا کیسز بالخصوص اومیکرون ویرینٹ کے تیزی سے پھیلائوکے پیش نظر خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ۖ میں پھر سے سماجی فاصلہ لازمی قرار دیدیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا کی نئی شکل اومیکروں کے عالمی پھیلائو اور ملک میں مہینوں بعد کورونا کیسز کی ریکارڈ تعداد سامنے آنے پر خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ۖ میں کورونا پابندیوں کو دوبارہ سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مقدس مساجد کی جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ۖ میں سماجی فاصلے کی شرط دوبارہ لاگو کی جا رہی ہے جس کے بعد رضاکاروں نے صفوں کے درمیان فاصلے کے اسٹیکرز لگانا شروع کردیئے ہیں۔خیال رہے کہ بدھ کے روز ملک میں کورونا کے 700 سے زائد نئے کورونا کیسز سامنے آئے تھے جو رواں برس اگست کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔ قبل ازیں حکومت نے دونوں مقدس مساجد میں اندر اور باہر ماسک اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے پر زور دیا تھا۔34 ملین افراد کے ملک سعودی عرب میں اب تک 5 لاکھ 54 ہزار سے زیادہ کورونا وائرس کے کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 874 ہے جو عرب ممالک میں سب سے زیادہ اموات ہیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے 17 اکتوبر کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم کرتے ہوئے فاصلاتی دوری کے اسٹیکرز ہٹا دیئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن