اسلام آباد؍ منیلا (نامہ نگار+ اے پی پی) قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے25کیس رپورٹ ہوئے۔ جمعہ کو جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 3ہزار 523کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔ ٹیسٹ کی مثبت شرح 0.71فیصد رہی۔ مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 18مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئے گئے کرونا ٹیسٹ میں فیصل آباد میں 95ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے ایک فرد کا ٹیسٹ مثبت آیا اور وہاں مثبت کیسوں کی شرح 1.05فیصد، لاہور میں 839 ٹیسٹ میں سے 6 افراد کا ٹیسٹ مثبت اور شرح 0.72فیصد رہی جبکہ پشاور میں 552ٹیسٹ میں سے 6 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور وہاں پر شرح1.09فیصد رہی۔ ادھر فلپائن میں کرونا کے 605 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 40 لاکھ 63 ہزار 816 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ایکٹو کیسز کی تعداد کم ہوکر 13 ہزار 822 ہو گئی۔ جبکہ 27 مزید مریض کرونا کے باعث ہلاک ہو گئے ہیں جس سے اموات کی کل تعداد 65 ہزار 539 ہو گئی ہے۔