خاتم النبیینؐ یونیورسٹی کا قیام خوش آئند: عبدالخبیر آزاد


لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا  ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی طرف سے لاہور میں خاتم النبیین یونیورسٹی کا قیام خوش آئند عمل اور قابل تحسین اقدام ہے جسے ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ چوہدری پروز الٰہی محب وطن اور سچے عاشق رسول ہیں جنہوں نے تحفظ ختم نبوت کیلئے اقدامات کر کے امت مسلمہ کے دل جیت لی۔ خاتم النبیین یونیورسٹی کا بل پاس کرنا اور خاتم النبیین یونیورسٹی کا الحاق جامعۃ الازہر یونیورسٹی (مصر) کے ساتھ ہونا  باعث فخر ہے۔ جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قادیانیوں کو پارلیمنٹ کے فیصلوں کا پابند بنائے اور انہیں شعائر اسلام کے استعمال سے سختی سے روکے، فتنہ قادیانیت کا وجود اسلام اور پاکستان کے لیے خطرہ ہے۔ مولانا سید محمدعبدالخبیرآزاد نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی نے ہمیشہ عوام کی فلاح وبہبود، خدمت قرآن اور تحفظ ناموس رسالت کے لیے بڑے مثبت اور تعمیری فیصلے کیے ہیں جن میں قرآن کریم کی وہ آیات اور احادیث اسمبلی کے اندر مختلف جگہوں پر آویزاں کروائیں اور ہر سیکرٹریٹ اور افسران بالا کے کمروں میں ختم نبوت کے سلسلے میں قرآن کریم کی آیات اور احادیث رسول دیواروں پر لگا کر عشق رسول کا ثبوت دیا، جن کو ملت اسلامیہ کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن