لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) سال 2022ء پاکستان کی چند خواتین کیلئے کامیابیوں اور خوشیوں جبکہ اکثریت کیلئے ہوشربا مہنگائی، بیروزگاری، تشدد، جرائم، بنیادی انسانی حقوق سے محرومی اور استحصال کا سال رہا۔ لاکھوں عورتیں بچوں سمیت سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہوئیں۔ ملک کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں خواتین کیخلاف تشدد کے 10 ہزار سے زائد واقعات پیش آئے۔ عمران خان کے لانگ مارچ کی کوریج کے دوران خاتون رپورٹر صدف نعیم کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہوگئیں۔ سیاست سے وابستہ خواتین بھی سال 2022 میں تحریک عدم اعتماد، حکومتی تبدیلی کے نتیجے میں وزارتوں کے حصول یا پھر محرومی کے مسئلے سے دوچار رہیں۔ سیاسی کارکنان تحریک انصاف اور پی ڈی ایم کی جماعتوں کے لانگ مارچ، دھرنوں اور جلسوں میں مصروف رہیں۔ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مختلف آڈیو لیکس وائرل ہوئیں جبکہ مبینہ طور پر سابق ایم این اے عائلہ ملک کانام بھی آڈیو لیکس کے حوالے سے لیا جاتا رہا۔ دوسری جانب بشریٰ بی بی کی قریبی ساتھی فرح گوگی کی کرپشن اور توشہ خانہ کی گھڑی کو بیچنے کی کہانیاں زبان زد عام رہیں۔ 72 سالہ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی سارہ چوہدری نامی خاتون سے دوسری شادی کی خبریں بھی پھیلی رہیں۔ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور کے ہاں دوسرے بیٹے نے جنم لیا۔ مریم نواز کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا عہدہ مل گیا، والد سے ملاقات کیلئے مریم نواز لندن چلی گئیں۔ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے شوہر کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سپریم کورٹ کی جج خاتون عائشہ اے ملک نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ بھارتی ریاست کرناٹک کی طالبہ مسکان کی طرف سے حجاب پر پابندی اور ہراساں کئے جانے کے باوجود جگہ چھوڑ کر ہٹنے کی بجائے ہجوم کے سامنے اللہ اکبر کا نعرہ مسلم دنیا میں بہت مقبول ہوا۔ یہ ’’حجاب گرل‘‘ بھارت میں مزاحمت کی علامت بن گئی۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں جس سے انکی طویل حکمرانی کا سورج غروب ہوگیا۔ پاکستان کی ممتاز ادیبہ بشریٰ رحمان اور سوشل ورکر بلقیس ایدھی انتقال کر گئیں۔ پنجاب میں ویمن پروٹیکشن اگینسٹ وائلنس ترمیمی ایکٹ 2022 منظور ہوا۔ رافعہ کمال ویمن پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب کی نئی چیئرپرسن مقرر ہوگئیں جبکہ ویمن کمیشن پنجاب کی چیئرپرسن کا عہدہ سال 2022 میں بھی خالی ہی رہا۔