لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے، ہر دور میں حکمرانوں نے عوام کے ساتھ دھوکا کیا۔ معیشت سود، کرپشن اور قرضوں کے بدترین دباؤ میں، مگر حکمرانوں کی نا اہلی اور شاہ خرچیاں عروج پر ہیں۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا، صرف جماعت اسلامی ہی پاکستان کو قرآن و سنت کے نظام کی طاقت سے موجودہ بحرانوں اور مسائل سے نکال سکتی ہے۔گوادر کے عوام نے اپنے جائز مطالبات کے لیے دھرنا دیا، لیکن صوبائی و مرکزی حکومت نے مسائل حل کرنے کی بجائے مظاہرین پر پولیس کریک ڈاؤن کیا، لوگوں کو گرفتار کر کے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ حکومت کو خبر کرتے ہیں کہ بلوچستان عوام کو تشدد سے دبانا اور انھیں جائز حقوق سے محروم کرنا درست نہیں، حکمرانوں کو اپنی ناکامی کا اعتراف کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔آج جماعت اسلامی کی اپیل پر ملک بھر میں گوادر کے عوام کے حقوق کے لیے ’’یوم یکجہتی بلوچستان‘‘ کے تحت مظاہروں اور ریلیوں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکمرانوں کو پیغام دیا ہے کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختوانخوا اور اسلام آباد سمیت ملک کا ہر شہری بلوچستان کے مظلوم بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ انھیں ان کے جائز حقوق دیئے جائیں۔ وزیرخزانہ کے وعدوں کے باوجود روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت نیچے نہیں آئی۔ملک کے کئی شہروں میں گیس کی کمی کا شدید بحران پیدا ہو چکا ہے، لاہور میں آٹا 130روپے کلو تک پہنچ گیا، سفید پوش طبقات گھر کا راشن تک افورڈ کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں، کسانوں اور مزدوروں کے حقوق کی محافظ ہے، ہم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کے نفاذ سے ہی ملک کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔