اسلام آباد (خبرنگار خصوصی‘خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں آئندہ ماہ جنیوا میں ہونے والی ریزیلئینٹ پاکستان کانفرنس کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کو کانفرنس کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ مزید برآں وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ مزید براں چیئرمین پی پی پی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے صدر آزاد جموں کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ملاقات کی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کو آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کشمیر کاز کے لئے اپنے بیرون ملک دوروں سے متعلق آگاہ کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تاریخ کے عظیم فٹبالر پیلے کی وفات پر اظہار افسوس کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پوری دنیا میں فٹ بال کے کھیل کی مقبولیت میں پیلے کے گہرے اثرات ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ترک ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران پاکستان اور ترکیہ نے افغانستان میں امن و استحکام کے ساتھ ساتھ علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ دو طرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
وزیر اعظم سے وزیر خارجہ کی ملاقات، جنیوا میں ہونے والی کانفرنس پر تبادلہ خیال
Dec 31, 2022