مہنگائی میں0.09فیصد کمی،23اشیاء مہنگی، 7سستی,21کے نرخ بر قرار:ادارہ شماریات

Dec 31, 2022


 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک میں رواں ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ مہنگائی کی شرح میں 0.09 فیصد کی معمولی کمی ہوئی۔ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح ابھی بھی 29.30 فیصد برقرار ہے۔ ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے حالیہ ہفتے روٹی، سردیوں کے موسم میں آگ جلانے کی لکڑی، ایل پی جی، انڈے، کھلا دودھ، دہی، لہسن، دال چنا، دال ماش، دال مونگ اور آٹے سمیت مجموعی طور پر 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور آلو، ٹماٹر، چینی، ویجی ٹیبل گھی اور کوکنگ آئل سمیت سات اشیاء سستی ہوئی ہیں جبکہ 21اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر گذشتہ ہفتے کے دوران، انڈے 2.86 ، باسمتی ٹوٹا چاول2.81فیصد، آٹا 2.81فیصد، روٹی 2.76 فیصد، آگ جلانے والی لکڑی2.49فیصد، ایل پی جی1.61 فیصد اور انرجی سیور 1.27فیصد مہنگے ہوئے جبکہ ٹماٹر6.02فیصد، آلو8.85 فیصد، چینی1.22 فیصد، ویجی ٹیبل گھی0.45فیصد، کوکنگ آئل0.04  فیصد، بجلی2.44 فیصد سستی ہوئی۔ وفاقی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ 29دسمبر 2022 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ (ایس پی آئی) کے لحاظ سے گذشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح 0.09فیصد کمی ہوئی تاہم سالانہ بنیادوں پر مہگائی کی شرح 29.30رہی ہے۔

مزیدخبریں