ڈیرہ اسماعیل خان (نامہ نگار) تحصیل کلاچی کی حدود ٹکواڑہ چوکی پر دہشتگردوں نے راکٹ لانچروں اور جدید اسلحہ سے حملہ کردیا۔ پولیس کا دہشتگردوں پر بھرپور جوابی وار‘ بھرپور جواب دیا۔ ضلعی پولیس سربراہ محمد شعیب خان اور ڈی ایس پی صدر حافظ محمد عدنان نے واقعہ کی اطلاع پر بروقت پہنچ کر تمام آپریشن کی خود نگرانی کی۔ چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے‘ دہشتگردوں کے مارے جانے اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات گئے دہشتگردوں نے تحصیل کلاچی کی ٹکواڑہ چوکی پر راکٹ لانچروں سمیت جدید اسلحہ سے حملہ کردیا۔ پولیس نے بھی دہشتگردوں پر جوابی فائرنگ کی۔ واقعہ کی اطلاع پر ضلعی پولیس سربراہ محمد شعیب خان اور ڈی ایس پی صدر حافظ محمد عدنان کی قیادت میں پولیس نے کوئیک رسپانس کیا اور موقع پر پہنچ کر آپریشن کی خود نگرانی کی۔ اس دوران پولیس کے چار جوان زخمی ہوگئے جن کو ضلعی پولیس سربراہ محمد شعیب خان نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کرایا۔ ذرائع کے مطابق اس مقابلے میں د ہشتگردوں کے مارے جانے اور زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔