آئین میں ٹیکنو کریٹ گورنمنٹ کی کوئی گنجائش نہیں،وفاقی وزیر قانون 

Dec 31, 2022


اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ آئین میں ٹیکنو کریٹ گورنمنٹ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ اتنے مختصر وقت میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانا عملی طور پر ممکن نہیں۔ اعظم نذیر تارڑ نے  مزید کہا ہے کہ عدالت نے فیصلہ سنا دیاہے۔ عملدرآمد کرانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔ اپیل کا آپشن موجود ہے، استعمال کیا جاسکتا ہے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ انتخابات کا انعقاد آئینی،جمہوری طریقے سے ہوتا ہے، حکومت نے بھی اجلاس بلا لیا ہے جس میں تمام صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن تاخیر سے کرانے کے کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا ہے، عدالت الیکشن کمیشن کو اسلام آباد میں کل الیکشن کرانے کا حکم دے دیا ہے عدالت نے الیکشن کمیشن کو 101یونین کونسلز پر31 دسمبر کو الیکشن کرانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن شیڈول کے مطابق انتخابات کرائے۔قانون میں ٹیکنوکریٹ گورنمنٹ کی گنجائش سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر قانون کا کہنا ہے کہ آئین میں ٹیکنو کریٹ گورنمنٹ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

مزیدخبریں