2022 میں ہواوے کی آمدنی636.9 بلین یوان رہی

Dec 31, 2022


کراچی(کامرس رپورٹر)سال2022 کے دوران ہواوے کی کل آمدنی636.9 بلین یوان رہی جو پیش گوئی کے مطابق ہے،جبکہ اس سے پچھلے سال کل آمدنی 636.8 بلین یوان تھی۔یہ بات ہواوے کے روٹیٹنگ چیئر مین،ایرک زو نے پوری دنیا میں کمپنی کے 195,000 ملازمین کو نئے سال کے آغاز پر اپنے ایک خط میں بتائی ہے۔اس خط میں انھوں نے کہا کہ" سال2022 میں ہم نے اپنے آپ کو کامیابی کے ساتھ مشکل حالات سے باہرنکالا،امریکی پابندیاں اب ہمارے لیے ایک نیا معمول ہیں اور ہم واپس معمول کے مطابق کاروبار چلا رہے ہیں۔پچھلے سال سب اپنے اپنے کام میں مصروف رہے اور ہواوے ٹیم کے ہر رکن نے مشکلات میں سے راستہ نکالنے اور ہمارے آپریشنز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جانفشانی سے کام کیا"۔ایرک زو نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ ہواوے کاICT اسٹرکچر بزنس مسلسل ترقی کرتا رہا اور ہواوے کے ڈیوائس بزنس میں انحطاط ختم ہو چکا ہے۔کمپنی نے ڈیجیٹل پاور اور ہواوے کلاؤڈ میں تیزی سے ترقی کی،مسابقت میں کامیاب رہی اور انٹیلیجنٹ آٹو موٹیو کمپونینٹس میں استعمال کنندہ کے تجربے کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ا نھوں نے کہا کہ وسیع ماحول غیریقینی کی زد میں آ سکتا ہے مگر جس چیز کے بارے میں ہمیں یقین ہو سکتا ہے وہ یہ ہے کہ ڈیجیٹلائزیشن اور ڈی کاربنائزیشن ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے اور اسی میں مستقبل کے مواقع ہیں۔خارجی غیریقینی کے پیش نظر ہمیں اپنی توجہ مرکوز رکھنے اوراپنے ویڑن اور مشن پر دیانت داری کے ساتھ کاربند رہنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے یہ پیش گوئی بھی کی کہ 2023 پہلا سال ہو گاجب ہواوے خارجی پابندیوں کے ساتھ اپنے معمول کے بزنس پر واپس آئے گا۔یہ ہواوے کے لیے اہم سال ہو گا،اس لیے کمپنی کو فعال طریقے سے ترقی کو آگے بڑھانے،ادارے کے جذبے کو برقرار رکھنے اور صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ہمیں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور خطرات کے ساتھ زیادہ موثر انداز میں نمٹنے کے لیے مزیدفعال ہونے کی ضرورت ہے۔یہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر ہم 2023 کے اپنے کاروباری مقاصد حاصل کر سکتے ہیں اورہواوے کی مسلسل بقاء اور ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ سکتے ہیں۔

مزیدخبریں