لاہور(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا میں شروع ہونے والے یونائیٹڈ ٹینس کپ میں یونان ،سوئٹزرلینڈ ، امریکہ ، برطانیہ ، اٹلی اور فرانس نے فاتحانہ آغازکردیا۔ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز اور ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یونان کی ٹیم نے ابتدائی میچ میں بلغاریہ کو ، سوئٹزرلینڈ کی ٹیم نے قازقستان ،امریکہ نے جمہوریہ چیک کو، برطانیہ نے میزبان آسٹریلیا ،اٹلی کی ٹیم نے حریف برازیلین اور فرانس نے ارجنٹائن کو ابتدائی میچ میں شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغازکر دیا ہے۔آسٹریلیا کے تین مختلف شہروں میں شروع ہونے والے اپنی نوعیت کے پہلے ایونٹ میں 18ممالک کی ٹیمیں شامل ہیں جن کو 6 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔،گروپ اے میں یونان کی ٹیم نے حریف بلغاریہ کی ٹیم کو 1-3 سے شکست دی ، گروپ بی کے ابتدائی میچز میں سوئٹزرلینڈ کی ٹیم نے قازقستان کو0-2 سے ہرایا ، گروپ سی میں امریکہ کی ٹیم نے جمہوریہ چیک کی ٹیم کو 1-4 سے مات دی ،گروپ ڈی میں برطانیہ کی ٹیم نے میزبان آسٹریلوی ٹیم کو 0-2 سے پچھاڑ دیا۔ گروپ ای میں اٹلی کی ٹیم نے حریف برازیلین ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین میچز سے شکست دی ۔ فرانس کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ارجنٹائن کی ٹیم کو 0-2 سے شکست دی۔ ٹورنامنٹ 8 جنوری 2023 کو اختتام پذیر ہوگا۔
یونائیٹڈ کپ: یونان‘ سوئٹزرلینڈ‘ امریکہ‘ برطانیہ ‘ اٹلی‘ فرانس کا فاتحانہ آغاز
Dec 31, 2022