لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے قومی کرکٹ کی موجودہ صورتحال، عبوری سلیکشن کمیٹی اور کپتان کے درمیان جاری معاملات پر بات کرنے سے انکار کردیااور کہا کہ اس وقت قومی کرکٹ اور سلیکشن کمیٹی کی صورتحال ہے اس کو باہر نہیں لانا چاہتے، نہیں چاہتے کہ اسے سب کے سامنے بیان کیا جائے، ہماری توجہ ٹیم سے باہر نہیں ٹیم کے اندر ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے اچھی کرکٹ کھیلی، نتیجہ دینا ہمارے ہاتھ میں نہیں، محنت اور کوشش ہی کرسکتے ہیں، کرکٹ میں چانس لیا جاتا ہے، اسی لیے دوسری اننگز ڈکلیئر کر کے نیوزی لینڈ کو موقع دیا۔ ہماری بیٹنگ لائن مضبوط ہوتی چلی جا رہی ہے، چار سال کے بعد سرفراز احمد کا واپس آنا شاندار ہے، ایسے حالات میں کھلاڑی کیلئے بہت مشکلات ہوتی ہیں اور وہ دباؤ کا شکار ہوتا ہے اور اْس کیلئے کم بیک کرنا آسان نہیں ہوتا، سرفراز احمد نے مام الحق کیساتھ شاندار شراکت کرتے ہوئے پاکستان کو مشکلات سے نکالا۔ ان کے کھیل میں مزید بہتری آئیگی، سلمان علی آغا اور سعود شکیل نے بہت متاثر کیا، فاسٹ بائولرز نے بھی بہترین گیندیں کرائیں۔ میر حمزہ اور وسیم جونیئر نے بھی شاندار بائولنگ کی، کوشش ہوتی ہے کہ منصوبہ بندی پر عمل کیا جائے، وکٹ کی تیاری میں کپتان اور کوچ اپنی رائے دیتے ہیں اور اس پر عمل بھی کیا جاتا ہے، رواں سال اچھا گزرا اور ہم نے بہتر نتائج دینے کی کوشش کی۔ میں چیلنجز کو قبول کرتا ہوں، زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، کوشش کروں گا کہ اپنی پرفارمنس کو قائم رکھوں اور پاکستان کیلئے کام آؤں۔