لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور پولیس نے رواں سال کی کارکردگی کے اعداد و شمار جاری کئے ہیں جن کے تحت رواں سال مجموعی طور پر 94800 سے زائد جرائم پیشہ و قانون شکن عناصر گرفتارکئے گئے۔رواں سال 1472 ڈکیت گینگز کے 3561کارندے گرفتار کئے گئے۔ملزموں سے87 کروڑ 29 لاکھ 44 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ مال بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ملزموں کے قبضے سے 77کاریں،4544موٹر سائیکلز،207دیگر گاڑیاں،36لیپ ٹاپ اور 3639 موبائل فونز برامد کئے گئے۔رواں سال 52958 اشتہاری،عادی مجرمان و عدالتی مفرور گرفتار کئے گئے جن میں اے کیٹیگری کے 4396 اشتہاری شامل ہیں۔رواں سال ناجائز اسلحہ کے خلاف مہم کے دوران 6416 جبکہ ہوائی فائرنگ پر 1000سے زائد ملزم گرفتار کئے گئے۔ ملزموں کے قبضے سے 39 کلاشنکوف،538 رائفلز،231بندوقیں،5430پسٹلز ریوالور،05کاربین،16ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئیں۔رواں سال منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران9261 ملزمان گرفتار کرکے ان کے خلاف 9138 مقدمات درج کئے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 15کلو 878گرام آئس،57کلوگرام ہیروئن،4450 کلوگرام سے زائد چرس،103کلوگرام افیون جبکہ 73802 لٹر شراب برآمد کی گئی۔رواں سال 4973قمار بازگرفتار کرکے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں 1163مقدمات درج کئے گئے۔ملزموں کے قبضے سے جوئے پر لگائی گئی 17لاکھ 19ہزار روپے سے زائد رقم برآمد کی گئی۔رواں سال پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث 6907 ملزمان گرفتار جبکہ ان کے خلاف 6809 مقدمات درج کئے گئے۔ملان کے قبضے سے 64ہزار سے زائد پتنگیں اور 9100سے زائد ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ترجمان لاہور پولیس نے مزید بتایا کہ رواں سال نیشنل ایکشن پلان کے تحت مختلف قانون شکنی پر 21108ملزمان گرفتار کئے گئے۔