تحریک انصاف کو سیلاب زدگان کی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں،شیر ی رحمان

Dec 31, 2022

اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو سیلاب زدگان کی مشکلات اور بڑھتی ہوئی دہشتگردی جیسے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، اس کی سیاست کا محور ملک اور عوام نہیں بلکہ عمران خان کا ذاتی مفاد ہے۔جمعہ کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہملک میں ابھی بھی 2کروڑ سیلاب زدگان کو فوری امداد کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی سندھ اور بلوچستان کے کروڑوں سیلاب متاثرین کو پیغام دے رہی ہے کہ آپ نہیں عمران خان کی سیاست اہم ہے، دوسری طرف دہشتگردی کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، ان کو سیلاب زدگان اور بڑھتی ہوئی دہشتگردی سے کوئی سروکار نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام منصوبے ناکام ہونے کے بعد پاکستان تحریک احتجاج ایک بار پھر مظاہرے کرنے جا رہی ہے، ان کی ترجیح صرف سیاست میں متعلقہ رہنا اور ہیڈ لائینز بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 شارٹ مارچ، استعفوں اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کی دھمکی میں ناکامی کے بعد ان کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا، پاکستان تحریک احتجاج نا ملک چلا سکی نا ہی ان میں پارلیمانی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت ہے۔انہوں نے بس تقسیم، گالم گلوچ، الزام تراشی اور کنٹیر کی سیاست کرنی ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ لوگ اب ان کی طرز سیاست سے تنگ آ چکے ہیں، ان کی سیاست کا محور ملک اور عوام نہیں عمران خان کا ذاتی مفاد ہے۔

مزیدخبریں