لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت پر اعلیٰ سطحی کابینہ کمیٹی نے مری میں برفباری کے موسم میں انتظامات کا جائزہ لیا اور ضروری فیصلوں کی منظوری دی۔ صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کیپٹن (ر) اسد اللہ، کمشنر، آر پی او راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر مری نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین کابینہ کمیٹی لا اینڈ آرڈر محمد بشارت راجہ نے واضح کیا کہ مری میں نیو ائیر نائٹ، ویک اینڈ اور برفباری ایک ساتھ متوقع ہیں۔ لہٰذا اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام انتظامات مکمل کئے جائیں۔ اجلاس نے فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر مری کی سربراہی میں انتظامی کمیٹی شہر میں قائم کئے گئے کنٹرول روم میں بیٹھ کر ضروری فیصلے کریگی۔ مقررہ تعداد سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہونے کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ بشارت راجہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مری میں 13 سہولت مراکز قائم کئے گئے ہیں جو مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے۔ راجہ بشارت نے اپیل کی کہ سیاح حکومت کی طرف سے جاری کی گئی ایڈوائزری پر عمل کریں۔ چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل نے محکمہ ہائی ویز کو سڑکیں کلیئر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مری میڈیا پر مسلسل آگاہی مہم چلائے اور ہوٹل ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطہ رکھا۔
مری میں برفباری: کابینہ کمیٹی کا انتظامات کا جائزہ ،اہم فیصلوں کی منظوری
Dec 31, 2022