لاہور(خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ صحابہ کرامؓ کی مثالی زندگیاںہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ اصحاب رسول نے جس انداز میں زندگی گزاری ہے وہ عین اسلام اور اتباع سنت ہے۔ اصحاب رسول ہمارے لئے معیار حق ہیں ان کی شان میں کسی قسم کی گستاخی گوارا نہیں۔ نبی کریم نے خود اپنے جاں نثاروں کی پیروی کو ہدایت وسعادت قرار دیا۔ صحابہ کرامؓایسی جماعت ہے جس کی صداقت ، دیانت اور پاکیزگی کی گواہی خود اللہ تعالیٰ نے دی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بعدازاں علماء وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج پاکستان سخت معاشی صورتحال سے گزر رہا ہے اور ہم سب کو اس مشکل دور سے نکلنے کیلئے ملی یکجہتی اور سیاسی رواداری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں ان کا دین اسلام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ سیاستدان آپس کی لڑائی کو ختم کر کے ملک وقوم کے مفاد میں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں۔ ملک کا امن بحال رکھنے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔