گھارو( نامہ نگار) گھارو میں ترقیاتی کام تعطل کا شکار شہری ڈرینج واٹر سپلائی اور بختہ گلیوں سے تاحال محروم ہیں ،چند مخصوص علاقوں میں ترقیاتی کام جاری ،عوام کا شدید احتجاج ۔تفصیلات کے مطابق گھارو شہر جو ایک طویل عرصے سے بنیادی مسائل کا گڑھ رہا اور علاقے کے منتخب نمائندوں کی عدم دلچسپی کے سبب ترقیاتی منصوبوں سے بھی محروم رہا جہاں شہر کی گلیاں کھنڈرات میں اور سیوریج کا نظام مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے جبکہ واٹر سپلائی سسٹم بھی مکمل طور پر تباہ ہوچکی ،علاقہ مکین آلودہ اور بدبودار پانی پینے پر مجبور ہیں جو مختلف خطرناک بیماریوں کو جنم دینے کا سبب بن رہا ہے ،شہریوں نے کہا کہ گھارو ایک بڑی آبادی پر مشتمل ہے جہاں کئی محلہ مختلف ناموں سے منسوب ہیں جو تاحال بنیادی سہولیات سے محروم ہیں گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں صفائی کا نظام درہم برہم ہے صاف پانی پینے کے لیے میسر نہیں موجودہ حکومت اور بلدیاتی نظام کے آنے کے بعد بھی ان علاقوں کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا ہے اور من پسند علاقوں میں گلیوں کو پختہ کیا گیا مگر تاحال وہ بھی مکمل نہیں کیے گئے ہیں جسکی وجہ سے علاقہ مکینوں کو تکلیف اور پریشانیوں کا سامنا ہے انہوں نے سندھ حکومت اور وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ گھارو شہر کی بنیادی ضروریات پوری کی جائیں اور کام مکمل کئے جائیں۔