گورنر سندھ کی درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ پر حاضری 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ پر حاضری دی ، انہوں نے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ بعد ازاں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے درگاہ قلندر لعل شہباز پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ گورنر سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ صوفیائے کرام کی دھرتی ہے، اور میں جب بھی یہاں آتا ہوں مجھے ذہنی و قلبی سکون میسر ہوتا ہے، تمام لوگوں کے درمیان اتفاق پیدا کرنے کے لئے کوشاں ہوں، لوگ نااتفاقی کی وجہ سے ترقی میں رکاوٹ بن گئے ہیں، میری دعا ہے کہ ایک دوسرے سے نفرتوں کا سلسلہ ختم ہوجائے، انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے کہ  صوبے کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کروں ۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ معاشی مسئلہ ہو یا قدرتی آفات ہو یہ سندھ سب کو جگہ دیتا ہے، حکومتیں پہلے بھی بنتی رہی ہیں مگر عوام کے مسائل حل ہونا چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنو کریٹ ہو یا سیاسی حکومت ہو الزام کے بجائے کام ہونا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن