سینیٹر عرفان صدیقی کی کتاب’’ گریز پا موسموں کی خوشبو‘‘ کی رونمائی

Dec 31, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مصنف و صحافی سینیٹر عرفان صدیقی کی لکھی ہوئی شاعری کی کتاب گریز پا موسموں کی خوشبو کی رونمائی کے مقررین نے شاعری کے کام کو بے حد سراہا اور اسے ماہر اور تجربہ کار شاعر کا کام قرار دیا۔آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں احمد شاہ بلڈنگ میں حسینہ معین ہال میں منعقدہ تقریب کی صدارت سینیئرصحافی محمود شام نے کی۔اس موقع پر سینیئر صحافی محمود شام، نامور مصنف و شاعر عقیل عباس جعفری، مصنفہ و شاعرہ ڈاکٹر فاطمہ حسن، معروف مصنف شکیل عادل زادہ، صدر آرٹس کونسل احمد شاہ، معروف شاعرہ و صحافی ناصرہ زبیری اور دیگر نے کتاب گریز پاموسموں کی خوشبو کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور عرفان صدیقی کی شاعری کو خوب سراہا۔مصنفہ و شاعرہ  ڈاکٹر فاطمہ حسن نے اپنے خطاب میں  22 جلدوں پر مشتمل اردو ڈیجیٹل ڈکشنری کے اجرا کو یقینی بنانے کے لیے بطور وزیر عرفان صدیقی کی  کوششوں اور ذاتی دلچسپی کی تعریف کی اور اس کام کو پاکستان کے ادب کا سب سے بڑا خزانہ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بہت بڑا کام اس وقت کے صدر ممنون حسین کی خصوصی ہدایت پر مکمل کیا گیا تھا۔اپنی مختصر تقریر میں صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے عرفان صدیقی کے ساتھ اپنی ملاقات کو یاد کیا جب عرفان  صدیقی وزیر تھے اور ان کے تعاون کو سراہا۔ احمد شاہ نے کہا کہ کسی شاعر کو کسی نقاد کی ضرورت نہیں ہوتی اور انہوں نے اپنی کتاب میں عرفان صدیقی کو ایک مختلف شخص پایا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کتاب کے مصنف عرفان صدیقی نے کراچی میں ثقافت اور فنون کے فروغ کے لیے بین الاقوامی اردو کانفرنس جیسی تقریبات اور دیگر اہم اجتماعات کے انعقاد پر احمد شاہ کی کاوشوں کو سراہا۔عرفان صدیقی نے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی مشاعرے میں شاعری نہیں کی لیکن آج جب ان کی اپنی شاعری کی کتاب کی تقریب رونمائی ہوگی تو وہ اپنی کتاب سے اشعار پڑھیں گے۔ انہوں نے اپنی شاعری کی کتاب گریز پاموسموں کی خوشبو سے چند منتخب اشعار بھی پڑھے، جنہیں سامعین نے بہت پسند کیا۔

مزیدخبریں