عثمان ڈار کے بھائی عمر ڈار گرفتار، لاہور ہائیکورٹ نے بازیابی کا حکم دیدیا

لاہور+سیالکوٹ (خبر نگار+آئی این پی)  عثمان ڈار کے بھائی عمر ڈار کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا ہے،عمر ڈار پولیس کو 5 مقدمات میں مطلوب ہیں۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رہنما عمر ڈار کو لاہور میں ریسٹورنٹ سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق عمر ڈار 9مئی مقدمات میں اشتعال انگیزی، ریاست مخالف نعرے بازی کے 5مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں،عمرڈار کی والدہ ریحانہ ڈار نے ویڈیو پیغام میں الزام لگایا کہ انہیں الیکشن سے روکنے کیلئے عمر ڈار کو اغوا کیا گیا،دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں عمر ڈار کے مبینہ اغوا کیخلاف درخواست دائر کردی گئی، درخواست میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے سی سی پی او لاہور کو عمر ڈار کو ایک دن مین بازیاب کروانے کی ہدایت کر دی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر بازیاب نہ کروا سکے  تو سی سی پی او خود پیش ہوں، درخواستگزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ 40 سے زائد افراد  جن میں پولیس یونیفارم میں ملبوس افراد اغوا کر کے لے گئے۔استدعا کی کہ عدالت عمر ڈار کو بازیاب کروا کر پیش کرنے کا حکم دے۔

ای پیپر دی نیشن