لاہور(نوائے وقت رپورٹ) بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں میں 5 سال کے دوران 27 کروڑ 72 لاکھ 55 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہوگیا۔2018ء میں بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں کی مالیت3 کروڑ86 لاکھ 94 ہزار روپے تھی جبکہ 2023 میں بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ59 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد ہوگئی ہے۔ دستاویز کے مطابق بانی پی ٹی آئی ایک بھی گاڑی کے مالک نہیں ہیں جبکہ سابق وزیراعظم کے اثاثوں میں 2 لاکھ روپے کی چار بکریاں بھی شامل ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے زمان پارک لاہور میں7 کنال 8 مرلے کا گھر وراثت میں ظاہر کیا ہے جبکہ زمان پارک کے گھر کی تعمیر پر 4 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ ظاہر کیا گیا ہے اسی طرح اسلام آباد میں بنی گالہ میں 300 کنال اراضی بطور تحفہ میں وصول ظاہر کی گئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے بنی گالا گھر کی تزین و آرائش اور ریگولرائزیشن کی مد میں 39 لاکھ روپے سے زائد کا خرچ ظاہر کیا ہے جبکہ اسلام آباد کے علاقے مہرہ نور میں 50 لاکھ مالیت سے زائد کی 6 کنال 16 مرلے اراضی بھی اپنے اثاثوں میں ظاہر کی ہے۔ اسلام آباد کے شاپنگ پلازہ میں 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دکان بھی بانی پی ٹی آئی کی ملکیت میں شامل ہے جبکہ 3 کروڑ40 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا دو کمروں کا فلیٹ بھی اسلام آباد کے پلازے میں ظاہر کیاگیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے بھکر میں وراثت میں ملی 188 کنال اراضی بھی کاغذات میں ظاہر کی ہے جبکہ ان کے پاس 3 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد رقم کیش کی صورت میں موجود ہے اسی طرح اسلام آباد کے مختلف بنک اکائونٹس میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی رقم طاہر کی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم نے توشہ خانہ سے خریدی گئی قیمتی اشیاء کی قیمت 1 کروڑ 18 لاکھ 77 ہزار سے زائد ظاہر کی جبکہ بانی پی ٹی آئی نے اہلیہ بشریٰ بی بی کے نام پاکپتن اور دیپالپور میں 698 کنال اراضی بھی بتائی ہے۔ دستاویزات کے مطابق بشریٰ بی بی کے نام بنی گالا میں 3 کنال کا گھر بھی کاغذات میں ظاہر کیا گیا ہے تاہم بانی پی ٹی آئی نے ایف بی آر کو 2021ء میں 14 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد کے اثاثے ظاہر کیے جبکہ ایک سال کے دوران 2022ء میں اثاثوں کی مالیت بڑھ کر 32 کروڑ روپے سے زائد ہوگئی۔ ایف بی آر سرٹیفکیٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے 2023ء میں اثاثوں کی مالیت31 کروڑ 59 لاکھ روپے ظاہر کی، بانی پی ٹی آئی نے اپنی تعلیمی قابلیت پولیٹیکل سائنس میں بی اے ظاہر کی ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی نے موجودہ پیشہ فلنتھروپسٹ ظاہر کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کروڑوں کی مالک نکلیں۔زرتاج گل کے کاغذات نامزدگی میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے مطابق زرتاج گل کے اثاثوں کی کل مالیت 1کروڑ 20 لاکھ 2ہزار974 ہے۔دستاویز کے مطابق گزشتہ برس کی نسبت زرتاج گل کے اثاثوں میں 7لاکھ67ہزار259 روپے کی کمی ہوئی ، زرتاج گل کے والد نے انہیں 55تولہ سونا بطور تحفہ دیا۔ زرتاج گل کے تین بینکوں میں 42لاکھ سے زائد کی رقم موجود ہے زرتاج گل نے گزشتہ برس 2لاکھ35ہزار سے زائد ٹیکس ادا کیا ، زرتاج گل کے فرنیچر کی مالیت 30ہزار روپے ہے۔