سڈنی ٹیسٹ: امام الحق کو ڈراپ صائم ایوب کو شامل کرنے کا فیصلہ

Dec 31, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے سڈنی ٹیسٹ میں بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق کو ڈراپ کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔28 سالہ اوپنر امام الحق سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے ہیں، 24 ٹیسٹ میں امام الحق نے 37.33کی اوسط سے 1568رنز بنائے جس میں ان کی3 سنچریاں اور 9 نصف سنچریاں شامل ہیں۔امام الحق نے پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 62 اور دوسری اننگز میں 10رنزبنائے ۔ میلبورن کے دوسرے ٹیسٹ میں 10اور 12رنز کی اننگز کھیلیں۔امام الحق آسڑیلیا میں جاری بینو قادر ٹرافی کے دو ٹیسٹ میں ایک نصف سنچری کیساتھ 94 رنز سکور کر چکے ہیں البتہ ٹیم مینجمنٹ کو بائیں ہاتھ کے اوپنر کے کھیلنے کے طریقہ کار پر شدید تحفظات ہیں، امام الحق نے سیریز میں اب تک 301گیندیں کھیل رکھی ہیں جو کسی بھی پاکستانی بیٹر میں سب سے زیادہ ہیں، دوسرے نمبر پر ان کیساتھ اننگز کا آغاز کرنے والے عبداللہ شفیق ہیں جنھوں نے 249گیندوں پر 110رنز بنائے ہیں۔امام الحق نے میلبورن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 38گیندوں پر 12رنز بنائے، اس سے پہلے پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی اننگز کے ٹاپ سکورر امام الحق نے 199گیندوں پر 62 رنز بنائے تھے، میلبورن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں امام الحق نے اپنا پہلا رن 18ویں گیند پر بنایا تھا۔ٹیم مینجمنٹ نے سڈنی ٹیسٹ میں امام الحق کی جگہ جارح مزاج نوجوان بیٹر صائم ایوب کو ڈیبیو کروانے کا فیصلہ کیا ہے، تیسرے ٹیسٹ صائم ایوب عبداللہ شفیق کیساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔

مزیدخبریں