کروڑوں روپے مالیت کی آئس بیرون ملک اسمگل کرنیکی کوشش ناکام

لاہور  اور فیصل آباد سے بیرون ملک جانے والے مسافروں سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دی گئی۔ائیرپورٹ سکیورٹی فورس( اے ایس ایف) حکام کے مطابق آکاش مسیح اور ان کی اہلیہ انی آکاش دوحا قطر جانے کیلئے علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچے جہاں جوڑے کے سامان کو اسکریننگ کے دوران مشکوک قرار دیا گیا۔ ترجمان اے ایس ایف کے مطابق سامان کی تفصیلی تلاشی کے دوران 2.490 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کی گئی، ہیروئن کو 1.250 اور 1.250 کلوگرام کے دو الگ الگ پیکٹوں میں رکھا گیا تھا جو بیگز کے خفیہ خانوں سے برآمد کیے گئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اے ایس ایف عملے نے پیشہ ورانہ مہارت سے منشیات برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی جبکہ ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کیلئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب فیصل آباد ائیرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر سے بھی کروڑوں روپے کی آئس ہیروئن برآمد کی گئی، ملزم وقاص نے بیگ کی تہہ میں ڈیڑھ کلو آئس ہیروئن چھپا رکھی تھی۔اس کے علاوہ کسٹم کلیکٹریٹ کی جانب سے بھی کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں شارجہ سے آنے والی خاتون سے 15موبائل فونز  برآمد ہوئے۔حکام کے مطابق خاتون نے سامان میں موبائل فون کے خالی ڈبے رکھے تھے جبکہ  موبائل فونز پہنے ہوئے کپڑوں میں چھپا رکھے تھے جنہیں تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن