”امن کی آشا“ کے تحت تاجروں کے دورہ بھارت کی کاروباری برادری نے مخالفت کر دی

Jan 31, 2010

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستانی کاروباری برادری نے امن کی آشا کے تحت تاجروں کے بھارت کا دورہ کرنے کی شدید مخالفت کی ہے جو 16 فروری کو روانہ ہو رہا ہے۔ کاروباری برادری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کر رہا ہے۔ بھارتی آرمی چیف جنگ کی دھمکی دے چکا ہے اور بھارتی فوج ہماری سرحدوں پر گولہ باری کر رہی ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو خود دعوت دے کر انکی تذلیل کی گئی اس کے باوجود بھارت سے امن کی امید رکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے۔ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کی ریجنل کمیٹی برائے امپورٹ اینڈ ٹریڈ کے چیئرمین خواجہ خاور رشید‘ فلور ملنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر بلال اسلم صوفی‘ سمال ٹریڈرز کمیٹی کے چیئرمین راجہ حامد ریاض نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کا پانی روک لیا ہے اور ہمیں بنجر ملک بنانے کی سازش کر رہا ہے۔ اس کا آرمی چیف ہمیں جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے‘ بھارت نے ہر پلیٹ فارم پر پاکستان کے خلاف زہر اُگلا ہے۔ اس صورتحال میں پاکستانی تاجروں کو بھارت کا دورہ نہیں کرنا چاہئے بلکہ پاکستان حکومت کو پانی کے مسئلے سمیت دیگر تنازعات حل ہونے تک بھارت سے ہر قسم کی تجارت بند کر دینی چاہئے۔ لاہور ایوان صنعت و تجارت کے صدر ظفر اقبال چودھری نے ٹیلی فون پر رابطے پر پاکستانی تاجروں کے وفد کے بھارت کے دورہ کرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ پاکستانی تاجروں کو فیڈریشن آف چیمبرز اینڈ کامرس آف انڈیا (فیکی) کی وہ رپورٹ پڑھنی چاہئے جس میں بھارتی حکومت کو تجویز دی گئی ہے کہ پاکستان کے خلاف پانی کو بطور ہتھیار استعمال کیا جائے۔ اس رپورٹ کے بعد بھارت کے دورے کا کیا جواز رہ جاتا ہے۔ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین اور لاہور ایوان صنعت و تجارت کے سابق سینئر نائب صدر عبدالباسط اور پیاف کے چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ بھارت نے حال ہی میں پاکستانی کھلاڑیوں کو خود دعوت دے کر انکی تذلیل کی ہے کہیں یہی سلوک پاکستانی تاجروں کے ساتھ نہ کیا جائے۔ اس لئے پاکستانی تاجر بھارت کا دورہ منسوخ کر دیں۔ لاہور شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر اصغر بٹ نے کہا کہ بھارت سے کسی قسم کی امید رکھنا اپنے آپ کو دھوکا دینے والی بات ہے۔ ایگری فورم پاکستان کے چیئرمین ابراہیم مغل نے کہا کہ لگتا ہے بھارت کا دورہ کرنے والے تاجر پاکستان سے محبت نہیں رکھتے۔ شاہراہ فاطمہ جناح پر کار ڈیلر شیخ محمد عثمان اور شیخ محمد فاروق نے رابطہ کر کے پاکستانی تاجروں کے امن کی آشا کے تحت دورہ بھارت پر کہا کہ ”بھارت کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے“ ریلوے روڈ مارکیٹ کے تاجر خرم بٹ اور سالک بٹ نے بھی دورے کو افسوسناک قرار دیا۔
مخالفت
مزیدخبریں