مصرکی خراب صورتحال پرعالمی رہنماؤں نےسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔ ادھر وینز ویلا کے صدر نے مصر کے بحران میں امریکہ کے کردار کو شرمناک قرار دیا ہے۔

امریکی صدراوباما نےمختلف عالمی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر بات چیت میں زور دیا ہے کہ مصرکی حکومت مظاہرین پر تشدد سے گریز کرے اورعوامی خواہشات کے مطابق مسئلے کا حل نکالے۔ وائٹ ہاؤس کےترجمان کےمطابق امریکی صدرنے سعودی عرب، ترکی، برطانیہ اور اسرائیلی قیادت سے رابطہ کرکے انہیں مصر کی صورتحال پر بات چیت کی دعوت بھی دی۔ دوسری جانب وینزویلا کے صدر ہیوگو شاویز نے مصر کے بحران میں امریکہ کے کردار کو شرم ناک قرار دیا ہے ۔ سرکاری ٹی وی پر بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا کا کردارمنافقانہ ہے۔ امریکا دنیا بھر میں پہلے اپنے من پسند نام نہاد مضبوط لیڈروں کی حمایت کرتا ہے اور پھر انہیں تنہا چھوڑ دیتا ہے ۔ ہیوگو شاویز نے کہا کہ انہوں نے مصر اور عرب دنیا میں مظاہروں پر لیبیا کے رہنما معمر قذافی اور شام کے صدر بشار الاسد سے بات کی ہے، مصر کی قومی خود مختاری کا احترام کیا جانا چاہیئے ۔ ادھراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی مصر کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اورعوام سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایتھوپیا کےدارالحکومت ادیس ابابا میں افریقن یونین کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے بانکی مون نے کہا کہ مصر میں انسانی حقوق کا خیال کرتے ہوئے تشدد سے گریز کیا جائے،ان کا کہنا تھا کہ عوام کی آواز اور ان کی خواہشات ہمیشہ بہتر مستقبل کیلئے ہوتی ہیں،جنہیں کسی صورت دبایا نہیں جاسکتا۔

ای پیپر دی نیشن