کابل (آن لائن+ ثناءنیوز) افغانستان میں طالبان نے ایساف فورس کا ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا جبکہ سڑک کنارے بم دھماکے میں چار سکیورٹی گارڈز ہلاک ہو گئے۔ برطانوی فوج کا نیا بریگیڈ طالبان کو کچلنے کیلئے ہلمند میں جانے کیلئے تیار ہو گیا۔دریں اثناءبرطانوی لیبر پارٹی کے سربراہ ایڈ ملی بینڈ غیر اعلانیہ دورپر ہ افغانستان پہنچ گئے، صدر کرزئی اور جنرل پیٹریاس سے ملاقاتیں کیں۔ تفصیل کے مطابق میڈیا رپورٹس میں طالبان کی طرف سے جاری بیان میں دعویٰ کیاگیا ہے کہ مغربی صوبہ ہرات کے ضلع نمرزہ میں طالبان نے ایک ڈرون طیارہ مارگرایا ہے تاہم ایساف فورس نے طالبان کے اس دعویٰ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا ہے۔ ایساف کے مطابق حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں کو روانہ کیاگیا اور طیارے کا ملبہ اٹھا لیاگیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی صوبہ ہلمند میں ضلع ناواہ میں 4 سکیورٹی گارڈز اس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کی کار سڑک کنارے نصب بم سے ٹکراگئی۔ ادھر برطانوی لیبر پارٹی کے سربراہ ایڈ ملی بینڈ نے افغانستان کا غیر اعلانیہ دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے افغان صدر حامد کرزئی، اتحادی فوج کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس سے ملاقات کی، ہلمند میں برطانوی فوج کے کیپ باسٹن بیس میں فوجیوں سے خطاب کیا، ایڈملی بینڈ نے برطانوی فوجیوں کو یقین دلایا ہے کہ پورا ملک ان کے ساتھ ہے تاہم انہوں نے کہا کہ افغان جنگ ایک نہ ختم ہونے والی جنگ نہیں ہے، ایڈ ملی بینڈ کے دورہ افغانستان کو سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے انتہائی خفیہ رکھا گیا تھا، انہوں نے زخمی فوجیوں کی عیادت کی، ان کا کہنا تھا کہ مستحکم افغانستان زیادہ محفوظ ہے۔قبل ازیں کرزئی کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے افغانستان میں سیاسی و سکیورٹی صورت حال اور سکیورٹی کی ذمہ داریاں افغانستان کو منتقل کرنے کے عمل پر تبادلہ خیال کیا۔