ادویات میں کرپشن ہوئی ”ون مین شو“ نے پنجاب کا ستیاناس کر دیا: فردوس عاشق

لاہور (خبرنگار + کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا ایجنڈا شخصیات نہیں اداروں کو مضبوط بنانا ہے۔ پنجاب کے حکمران وفاق پر انگلیاں اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں دیکھیں۔ پنجاب نے وسائل تو حاصل کر لئے مگر ذمہ داریاں نہیں نبھائیں۔ وہ یہاں سرکاری خبر رساں ادارے کی صوبائی یونین کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق میں مچھر، مکھی بھی مر جائے تو پنجاب سے استعفوں کے مطالبے شروع ہو جاتے ہیں جوڈیشل کمشن کا مطالبہ شروع ہو جاتا ہے شہباز شریف اپنی منجی تھلے بھی ڈانگ پھیر لیں، ادویات میں بھی کرپشن کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی سی میں ناقص ادویات سے جاں بحق ہونیوالوں کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ”ون مین شو“ نے صوبے پنجاب کا ستیاناس کردیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق نے کہا کہ گڈ گورننس کا دعوی کرنے والے دیکھیں کہ ان کے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کیا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر تینوں صوبے متفق ہیں صرف پنجاب حکومت روڑے اٹکا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے ایسوسی ایٹڈ پریس کی یونین کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا اور انکے مطالبات حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

ای پیپر دی نیشن