کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بدستورجاری، بلدیہ ٹاؤن سے تین افراد کی بوری بند لاشیں برآمد. نامعلوم ٹارگٹ کلر نے چوبیس گھنٹوں میں بارہ افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا.

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن قائم خانی کالونی میں نامعلوم ملزمان تین افراد کی بوری بند لاشیں پھینک کر فرار ہوگئے ۔پولیس کے مطابق تینوں افراد کو تشدد کے بعد ہلاک کیا گیا ۔ بلدیہ ٹاؤن ہی کے علاقے سعیدآباد چوبیس مارکیٹ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نےسیاسی جماعت کے دفترپرفائرنگ کی جس سے بائیس سالہ راحیل انجم ہلاک ہوگیا جبکہ ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ لانڈھی میں ایک نوجوان فائرنگ کا نشانہ بنا۔ماری پور اور عزیز آباد کے علاقوں میں دو افراد دہشت گردی کا نشانہ بنے ۔جمشید روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے مذہبی جماعت کے کارکن انیس سالہ عدنان کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ حسین آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ ادھرلانڈھی اور رضویہ میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا جبکہ شاہ فیصل کالونی میں مختار نامی شخص کو قتل کردیا گیا۔ سہراب گوٹھ ایدھی سردخانے کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار پولیس پارٹی پر کریکر پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر خالد مغل زخمی ہوگیا۔ نیو کراچی کے علاقے میں ایک دکان پر فائرنگ سے تین افراد حبیب،اقبال اور عبدالقیوم زخمی ہوگئے، جبکہ نارتھ ناظم آباد میں ڈکیتی مزاحمت پرڈاکوؤں نے دوبھائیوں کو زخمی کردیا۔دوسری جانب چنیسر گوٹھ میں پھینکےگئےدو دستی بموں میں سے ایک پھٹ گیا جبکہ دوسرے کو ناکارہ بنادیا گیا تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ای پیپر دی نیشن