گلگت بلتستان کے ضلع دیامرمیں واقع نانگا پربت، بابوسرٹاپ اوربٹوگا ٹاپ پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،ضلع کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش بھی ہورہی ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ اسکردو اوراستورسمیت بیشتراضلاع میں بادل چھائے ہیں۔ مالا کنڈ، ہزارہ،کوہاٹ ڈویژن، شمالی بلوچستان اورقبائلی علاقوں میں بھی سردی کی شدت برقرارہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اوربرفباری کے باعث بننے والی ہوائیں کل بلوچستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی اورفروری کے پہلے ہفتے میں بلوچستان،خیبرپختونخوا،بالائی پنجاب اور آزاد کشمیر کے اکثر مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ سب سے زیادہ بارش پاراچنار میں چار ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ آج ملک میں سب سے زیادہ سردی بھی پاراچنار میں ہی پڑی جہاں درجہ حرارت منفی نو ڈگری سینیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد اورلاہور میں چھ، فیصل آباد میں آٹھ، مظفرآباد اورپشاورمیں سات، کراچی پندرہ اورکوئٹہ میں چارڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔