ڈھاکہ (اے پی پی) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نظم الحسن نے کہا ہے کہ قومی ٹیم آئندہ دو برسوں کے دوران آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے خلاف سیریز کھیلے گی۔ بگ تھری ممالک کے دوروں کی تصدیق کیلئے بورڈ 8 فروری کو ان تینوں بورڈ سے ممبرز پارٹیسپیشن ایگریمنٹس پر دستخط کرے گا۔ ہم دوسرے ملکوں کی نسبت زیادہ بہتر پوزیشن میں ہیں، ٹیم نے گزشتہ 14 برسوں سے بھارت کا دورہ نہیں کیا، نئے معاہدے کے تحت ہماری ٹیم بھارت اور بھارتی ٹیم جوابی دورے پر بنگلہ دیش آئے گی اور ٹیم کو زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے مواقع ملیں گے، اسکے علاوہ ٹیم آسٹریلیا اور انگلینڈ کا بھی دورہ کرے گی، ان ٹیموں کے خلاف کھیلنے سے ٹیم کے تجربے میں اضافہ ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ معاہدے کے بعد بگ تھری ممالک کو ہماری ٹیم کے خلاف سیریز کھیلنا ہوں گی، ان ٹیموں کے خلاف زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔