لاہور(نامہ نگاران) مختلف وجوہات پر خاتون اور لڑکی سمیت 6 افراد نے زندگی ختم کرلی۔کاہنہ تھانہ کے نواح گلشن منیر سکیم میں گھریلو ناچاقی پر نوجوان نے کنپٹی پر گولی مار کر زندگی ختم کرلی۔ 25 سالہ قاسم کافی عرصہ سے پریشان تھا اور گذشتہ روز اس نے گھریلو ناچاقی سے تنگ آ کر خود کشی کرلی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد میں عشق میں ناکامی پر نوجوان نے اپنی محبوبہ کے ہمراہ خود کو فائر مارکر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر لیا۔تھانہ منصور آباد کے علاقہ داتا پارک گلی نمبر 8 کا رہائشی 25 سالہ تنویر یوسف اپنی محلہ دار 20سالہ ثمرہ اصغر کو پسند کرتا تھا جبکہ گھر والوں کی طرف سے رشتہ سے انکار کرنے پر اس نے دلبرداشتہ ہو کر پہلے ثمرہ کو فائر مار دیئے اور بعد ازاں خود کو بھی فائر مار کر شدید زخمی کر لیا جس کے نتیجہ میں لڑکی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ لڑکے کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جو راستہ میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق موضع ٹیلانی کے امام مسجد کے 25 سالہ نوجوان بیٹے عرفان نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر خود کو گولی مار لی لاہور ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو گا۔ علاوہ ازیں نارووال میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ شادی شدہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کرزندگی کا خاتمہ کرلیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق شبیرکی بیوی نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر زہر کھالیا ریسکیو 1122 اس کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر نارووال منتقل کر رہے تھے کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ قصور میں منڈی عثمان والا اتحاد کالونی میں چھوٹی بہن نے بڑی کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکراپنے آپ کو فائر مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ اتحاد کالونی میں مسماۃ سحرش کا اپنی چھوٹی بہن سمیرا سے گھر کی صفائی کے تنازع پر جھگڑا ہوگیا اس دوران بڑی بہن سحرش نے سمیرا کو پھپڑ مارے جس پر دلبرداشتہ ہو کر سمیرا نے گولی مارکر زندگی ختم کرلی۔
6 خود کشیاں:فیصل آباد میں نوجوان نے محبوبہ کو مارکر اپنی زندگی بھی ختم کرلی
Jan 31, 2014